انہوں نے قرآن مجید میں ’مومن‘ کا مصداق اتم اہل بیت علیہم السلام کی ذات پاک کو قرار دیا اور کہا: قرآن کریم میں ’مومن‘ کا مصداق کامل حضرت علی علیہ السلام اور حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا اور ان کی اولاد اطہار ہیں۔
حجۃ الاسلام مولانا سید محمود حسن رضوی نے کہا: حضرت زہرا (س) نے امام وقت کا دفاع کیا اور ہمیشہ امام علی علیہ السلام کی پشت پناہ رہیں، اور اسی راہ میں آپ نے جام شہادت نوش فرمایا، لہذا امام وقت پر قربان ہو جانا سیرت حضرت زہرا (س) ہے۔
حوزہ نیوز ایجنسی اردو کے چیف ایڈیٹر نے شیخ طوسی کی کتاب ’’الغیبۃ‘‘ سے امام عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی روایت " اِنَّ لی فی ابنة رسولِ الله اُسوةٌ حَسَنَةٌ" کا حوالہ دیتے ہوئے حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کو بہترین نمونہ عمل قرار دیا اور کہا: شہزادی دو عالم کی زندگی کے مختلف پہلو، جیسے شوہر کے ساتھ حسن سلوک، گھر کی ذمہ داریاں، حجاب اور ولایت کا دفاع وغیرہ اسلامی معاشرے میں خواتین کے لیے بہترین نمونہ عمل ہے، لہذا خواتین کو چاہیے کہ وہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے اخلاق اور طرز زندگی کو اپنائیں۔
مولانا نے تقریر کے آخر میں نوجوانوں کو خطاب کرتے ہوئے صلہ رحمی کے حوالے سے کہا: صلہ رحم نہ کرنے سے رزق میں کمی آتی ہے، جیسا کہ خود پیغمبر اکرم (ص) نے ارشاد فرمایا ’’صلہ رحم کرنے والوں کے رزق میں خدا وند متعال برکت عطا کرتا ہے اور وہ ہمیشہ اللہ کی پناہ میں ہوتے ہیں‘‘ ایک اور روایت میں آیا ہےکہ امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں: اِذا قَطَّعُوا الرحامَ جُعِلَتِ الموالُ فى أیدىِ الشرارِ ، اگر قطع رحم کروگے تمہارا رزق اللہ تعالی اشرار کے ہاتھوں میں قرار دے دیکا۔ لہذا اگر مومنین اپنے رزق میں وسعت چاہتے ہیں تو انہیں چاہئے کہ وہ ہمیشہ صلہ رحم کرتے رہیں ۔